حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انجمنِ شرعی شیعیانِ جموں و کشمیر کے مرکزی دفتر شریعت آباد یوسف آباد بڈگام میں، گزشتہ روز محرم الحرام اور صفر المظفر کے انتظامات اور پروگراموں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت و سرپرستی انجمن کے سربراہ نے کی۔
اجلاس میں جنرل سیکرٹری، آفس سیکرٹری سمیت انجمن کے تمام ضلعی عہدیداران اور ذمہ داران نے شرکت کی۔
اس موقع پر محرم الحرام اور صفر المظفر کے دوران منعقد ہونے والے مذہبی اجتماعات، مجالسِ عزا، جلوس ہائے عزاداری، تبلیغی و تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی سہولیات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں عزادارانِ امام حسینؑ کو بہتر سہولیات فراہم کرنے، نظم و ضبط کو یقینی بنانے، اور مختلف اضلاع میں پروگراموں کے مؤثر انعقاد کے لیے ضروری ہدایات اور لائحۂ عمل مرتب کیا گیا۔
شرکائے اجلاس نے محرم و صفر کے مقدس ایام کو دینی شعور، اتحادِ امت اور پیغامِ کربلا کے فروغ کے لیے بھرپور انداز میں منانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر عالمِ اسلام، ملک و ملت کی سلامتی، اتحادِ مسلمین اور عزادارانِ اہلِ بیتؑ کی کامیابی و سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









آپ کا تبصرہ